تحریک انصاف نے کراچی میں 12 نومبر کو جلسے کرنے کا اعلان کردیا

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کا کراچی میں بڑے پاور شو کا کرنے کا فیصلہ،فیصلہ پی ٹی آئی کراچی کابینہ کے ویڈیو لنک پر کیے جانے والے اجلاس میں کیا گیا، اجلاس میں تحریک انصاف کراچی کے اہم ذمہ داران، عہدیداران نے شرکت کی، اس موقع پر پی ٹی آئی کابینہ کی جانب سے فیصلہ کیا گیا کہ تحریک انصاف کا عوامی پاور شو نومبر کے دوسرے ہفتے میں کیا جائیگا، کراچی کابینہ کی مشاورت سے جلسے کی تاریخ 12 نومبر طے کی گئی،جلسہ ملینیم مال کے مقام پر ہوگا،اجلاس میں کابینہ اراکین نے جلسے کی اجازت کیلئے متعلقہ انتظامیہ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا۔

کابینہ اراکین نے جلسے کی بھرپور کامیابی کا عزم کا اظہار کرتے ہوئے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی کراچی کے عوام کے دلوں پر راج کرتی ہے، مخالف جماعتوں کا کراچی فتح کرنے کا خواب چکنا چور ہوگا، تاریخی جلسہ پی ٹی آئی کے سیاسی مخالفین کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا،پی ٹی آئی چاروں صوبوں کی نمائندہ جماعت ہے،کراچی کے عوام تیار ہوجائیں مخالفین کو بتائیں کہ آپ اپنے حقیقی لیڈر چئیرمین پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں، جبری حالات میں بھی چیئرمین پی ٹی آئی اکیلے نہیں، کراچی کے عوام نے ہر مشکل حالات میں بھی تحریک انصاف کی ہر کال پر لبیک کہا ہے۔

اجلاس کی صدارت تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے کرتے ہوئے کہا کہ راشد منہاس روڈ پر ہمارا جلسہ نہ صرف پارٹی کے اندر اتحاد کا ایک شاندار مظاہرہ ہوگا بلکہ ہمارے لیے عوام سے جڑنے کا ایک موقع بھی ہوگا۔ پی ٹی آئی کراچی شہر کے لیے تبدیلی، ترقی اور خوشحالی کا پیغام دینے کے لیے پرعزم ہے۔ہم کراچی کے لوگوں کی جانب سے زبردست ردعمل کے منتظر ہیں۔ خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کراچی نے باضابطہ طور پر کمشنر کراچی کو ایک درخواست جمع کرائی ہے جس میں ہمارے آنے والے پروگرام کی اجازت طلب کی گئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس جلسے میں ہزاروں پی ٹی آئی کے حامیوں، پارٹی ممبران اور متجسس شہریوں کی شرکت متوقع ہے جو کراچی اور قوم کے لیے پی ٹی آئی کے وژن کے بارے میں مزید جاننا چاہتے ہیں۔کراچی شہر کو مختلف چیلنجوں کا سامنا ہے،خرم شیر زمان نے کہا کہ پی ٹی آئی کراچی کی تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو اس عظیم الشان جلسہ میں دعوت دیتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: